برما،27اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)میانمار کی حکومت نے راکھین ریاست میں جاری تشدد کے تناظر میں قریب چار ہزار غیر مسلم دیہاتیوں کو علاقے سے نکال لیا ہے، جب کہ دوسری جانب ہزاروں روہنگیا مسلمان سرحد عبور کر کے بنگلہ دیش کی جانب فرار ہو رہے ہیں۔ حکومتی بیان کے مطابق جمعے کے روز سے جاری روہنگیا عسکریت پسندوں کے منظم حملوں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 98تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 80عسکریت پسند اور 12سکیورٹی اہلکار ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ متعدد مقامات پر روہنگیا افراد اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں اب بھی جاری ہیں۔